سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی افغانستان سے شکایات جائز ہیں،فضل الرحمن
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاک افغان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر فوری جنگ بندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی شکایات جائز ہیں، تاہم افغانستان کی خودمختاری اور اس کے داخلی مسائل کا احترام بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جذباتی رویے دونوں ممالک کے لیے پیچیدگیوں میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے تجویز دی کہ دوطرفہ مفادات، قابلِ اعتماد سیکیورٹی فریم ورک اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ضابطوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ سفارتی کوششیں ہی پائیدار حل فراہم کر سکتی ہیں، جبکہ یکطرفہ عسکری کارروائیاں مسائل کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے خطے میں امن کے خواہاں ممالک سے بھی توقع ظاہر کی کہ وہ پرامن سفارتی کردار ادا کریں تاکہ کشیدگی کم ہو اور استحکام کو فروغ ملے۔
