پنجاب : چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور دیگر غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
لاہور:موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہمسایہ ملک کی جانب سے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور دیگر غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، حساس مقامات، تنصیبات اور مارکیٹوں پر سکیورٹی سخت کی جائے جبکہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں اور مذہبی مقامات پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر فرائض انجام دیں۔
انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مشاورت سے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔ دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں میں ڈرونز کے ممکنہ استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو چیکنگ پوائنٹس اور اہم مقامات پر اہلکاروں کی بریفنگ دینے، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں، رکشوں اور لوڈرز کی سخت نگرانی کرنے اور انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ و کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
سہولت بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے تعینات لیڈی پولیس اہلکاروں کو چوکس رہنے کا بھی حکم دیا گیا، جبکہ دیگر شہروں سے آنے والے مسافروں اور ہوٹلز میں قیام پذیر افراد کی مکمل چیکنگ اور شناخت یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹریفک، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ڈویلپمنٹ سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
