وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کر دیا

0

لاہور میں ای ٹیکسی سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کرنے اور پنجاب میں ٹریک لیس ٹرین منصوبے کے جلد اجراء کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں ای ٹیکسی سکیم شروع کی گئی، جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ روزگار کا باعزت ذریعہ بھی ہے۔ ان کے مطابق ای ٹیکسی سکیم میں خواتین کے لیے 30 فیصد سے زائد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد اور مرد ڈرائیورز کے لیے 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز دی جائیں گی اور اس منصوبے میں 4 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای ٹیکسی سے ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے ماہانہ آمدن ممکن ہوگی، جس سے بالخصوص سنگل مدرز اور نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ گرین الیکٹروبسوں نے پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور مزید 1500 بسیں شامل کی جا رہی ہیں۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگوں اور خصوصی افراد کو گرین بس پر مفت سفر کی سہولت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 42 لاکھ خاندانوں کو 10 ہزار روپے گھر پہنچانے کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر کسی کو راشن کارڈ یا امداد نہ ملی ہو تو 1000 پر کال کرکے 24 گھنٹوں میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہر ضلع کی کیتھ لیب میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی سہولت میسر ہے، فری ایمبولینس سروس شروع کی جا چکی ہے اور ہیپاٹائٹس و کینسر کے مریضوں کو ادویات گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے سموگ کنٹرول اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ماحولیاتی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور آلودگی میں کمی آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.