ائیرکرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے غرق کرسکے، آیت اللہ خامنہ ای
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ائیرکرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اسلامی جمہوریہ ایران کو نہیں گرا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اپنی فوج کو دنیا کی مضبوط ترین فوج قرار دیتے ہیں، لیکن دنیا کی سب سے مضبوط فوج کو بھی ایسا تھپڑ پڑ سکتا ہے کہ وہ اٹھ نہ سکے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارے دیتے ہوئے متعدد بار ایران کی جانب بحری بیڑہ بھیجنے کا ذکر کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نیوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکم ملتے ہی آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق ’اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز‘ مشق کے دوران چند گھنٹوں کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی۔
بحری مشق کے دوسرے مرحلے میں پاسدارانِ انقلاب نیوی کے جنگی اور فوری ردعمل دینے والے یونٹس نے حصہ لیا، جس کا مقصد محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانا تھا۔
مشق کے دوران مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور فوجی ماہرین کے مطابق مقررہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں نے بھی میزائل فائر کر کے عملی کارروائی کا مظاہرہ کیا، جبکہ خلیج کے ساحلی علاقوں اور جزائر سے داغے گئے میزائلوں نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
