ایران کے ساتھ ڈیل چاہتے ہیں، توقع ہے مذاکرات کامیاب ہوں گے: ٹرمپ

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ چاہتے ہیں اور امید ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی بہترین چیز ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ (USS Gerald R. Ford) مشرق وسطیٰ روانہ کیا جا رہا ہے اور اگر ایران سے ڈیل نہ ہوئی تو اس کی ضرورت پڑے گی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی بحری بیڑا پہلے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہے، اور اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا یورپی رہنماؤں سے بھی بات چیت کر رہا ہے اور یورپ کے ساتھ تعلقات بہترین ہیں۔ ان کے مطابق روس معاہدہ کرنا چاہتا ہے جبکہ یوکرین کے صدر کو بھی متحرک ہونا ہوگا، بصورت دیگر وہ بڑا موقع کھو سکتے ہیں۔

ممکنہ امریکی تیاریوں کی رپورٹ

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق امریکی فوج ایران کے خلاف مسلسل اور طویل آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔ دو امریکی عہدیداروں نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایسی مہم امریکی افواج اور مشرق وسطیٰ کے لیے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔

عہدیداروں کے مطابق مجوزہ منصوبہ بندی پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہے اور امریکا ایران کے جوہری انفراسٹرکچر کے ساتھ ریاستی اور سکیورٹی تنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ امریکا کو توقع ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی کسی کارروائی میں امریکی افواج کو بڑے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں کیونکہ ایران طاقتور میزائل صلاحیت رکھتا ہے اور جوابی حملوں سے علاقائی تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے۔

امریکا کے اردن، کویت، سعودی عرب، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور ترکیے میں فوجی اڈے موجود ہیں، جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب خبردار کر چکے ہیں کہ حملے کی صورت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.