دادو: میہڑ میں مسلح افراد کی لوٹ مار ، پولیس مقابلے میں 3 اہلکار شہید، انڈس ہائی وے بند

0

دادو: میہڑ کے قریب مسلح افراد کی جانب سے ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ چوکی انچارج سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکو درگاہ شاہ گودڑیو کے میلے سے واپسی پر زائرین سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ ملزمان نے قاضی عارف روڈ بلاک کر کے پانچ موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون لوٹ لیے۔ اطلاع ملنے پر میہڑ پولیس پہنچی تو ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ شروع ہو گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ چوکی انچارج سکندر بھرگڑی زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو  ایک گھر میں گھسنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کرتے رہے، جس سے دو  بھائی علی مراد اور نظر بروہی  زخمی ہو گئے جنہیں  لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 واقعے کے بعد ڈکیتی کے خلاف متاثرین نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.