سابق آسٹریلوی کرکٹر بریٹ لی نے مستقل طور پر دبئی میں رہائش اختیار کرلی
دبئی:آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر بریٹ لی نے اپنے ملک کو چھوڑ کر دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے سے متعلق اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا۔
بریٹ لی کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کام کے سلسلے میں دبئی کے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہو گئے، جس کے بعد انہوں نے دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے کا فیصلہ کیا۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کے مطابق دبئی اب ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے، جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع موجود ہیں بلکہ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی میسر ہے۔ دبئی میں انہیں بہترین لوگوں سے ملنے، نئے مواقع حاصل کرنے اور اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ہے۔
بریٹ لی نے دبئی کے ماحول کو بے حد متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ ان کے مطابق دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔
اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ بچے دبئی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، یہاں کے اسکول اعلیٰ معیار کے ہیں جبکہ کھیلوں کی بہترین سہولیات بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
بریٹ لی نے اپنے وطن آسٹریلیا سے وابستگی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ آسٹریلیا کو اپنا گھر کہنے پر فخر رہے گا۔ ان کے مطابق آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی اور یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں “کچھ خاص بات” ضرور ہے۔
