کراٹے کامبیٹ: پاکستان کے شاہ زیب رند نے یوایف سی فائٹر آندرے ایول کو ناک آؤٹ کر دیا

0

کوئٹہ :پاکستان کے ابھرتے ہوئے مکسڈ مارشل آرٹس اور کامبیٹ اسپورٹس اسٹار شاہ زیب رند نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے میامی فلوریڈا میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ 61 ایونٹ میں سابق(الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپیئن شپ) یو ایف سی فائٹر آندرے ایول کو دوسرے راؤنڈ میں زبردست ناک آؤٹ شکست دی۔

غیر متوقع حالات میں رنگ میں اترنے والے پاکستانی چیمپئن نے شاندار اعصاب اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے امریکی حریف کو ایک درست اور زوردار ہیڈ کِک کے ذریعے گرا دیا۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند اس فائٹ میں اچانک تبدیلی کے ساتھ شریک ہوئے کیونکہ ان کے اصل حریف پٹریکی ِپٹ بل انجری کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ بعد میں آندرے ایول نے مختصر نوٹس پر یہ فائٹ قبول کی  تاہم یہ تبدیلی بھی رند کے لیے کوئی مسئلہ ثابت نہ ہوئی۔

ابتدائی راؤنڈ سے ہی شاہ زیب نے فائٹ پر مکمل کنٹرول رکھا اور تیز پنچز اور طاقتور ککس کے ذریعے امریکی فائٹر کو مسلسل دفاعی پوزیشن میں رکھا۔

دوسرے راؤنڈ کے درمیان میں انہوں نے فیصلہ کن وار کیا اور ایک صاف اور طاقتور ہیڈ کِک کے ذریعے ایول کو زمین پر گرا دیا جس کے بعد ریفری نے فوراً فائٹ روک دی۔

ناک آؤٹ کے بعد شاہ زیب رند نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنی انعامی رقم کا کچھ حصہ اپنے حریف آندرے ایول کے ساتھ شیئر کریں گے کیونکہ انہوں نے آخری وقت میں فائٹ قبول کی تھی۔ شاہ زیب کا کہنا تھا کہ اس کھیل میں عزت سب سے اہم ہے۔

پاکستان کے پہلے کراٹے کامبیٹ ورلڈ چیمپیئن کے طور پر شاہ زیب رند اپنی بین الاقوامی پہچان مسلسل مضبوط کر رہے ہیں۔ ان کے جارحانہ انداز اور ناک آؤٹ پاور نے انہیں پاکستان کے نمایاں کامبیٹ اسپورٹس ایتھلیٹس میں شامل کر دیا ہے جو عالمی سطح پر سبز ہلالی پرچم کو بلند کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.