پاکستان ریلوے ویگنز اور کوچز 5 ممالک کو ایکسپورٹ کرے گا: حنیف عباسی
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے ویگنز اور کوچز 5 ممالک کو ایکسپورٹ کرنے جا رہا ہے، جس سے قومی ریلوے کی آمدن میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کی توقع ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے نے دسمبر کے مہینے میں 10 ارب روپے کی آمدن حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ آمدن مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور انتظامی اصلاحات کے باعث ممکن ہوئی۔
وفاقی وزیر کے مطابق مال گاڑیوں کے نظام میں شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت کنٹینرز، کوئلہ اور فاسفیٹ سمیت مختلف اشیاء کی ترسیل اب مال گاڑیوں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
حنیف عباسی نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے چلی، ارجنٹینا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کو ریلوے کوچز اور ویگنز ایکسپورٹ کرے گا، جبکہ اس حوالے سے رواں ہفتے ان پانچوں ممالک کے سفیروں کو وزارتِ ریلوے میں باضابطہ پریزنٹیشن دی جائے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ان ممالک کو عالمی معیار کے مطابق کم قیمت پر کوچز اور ویگنز فراہم کی جائیں گی، اور سفیروں کو پاکستان ریلوے کی کوالٹی اور پیداواری صلاحیت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
