کوہستان اسکینڈل: نیب کی تاریخ کی سب سے بڑی یکمشت ریکوری، 4 ارب 5 کروڑ قومی خزانے میں جمع

0

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی یکمشت ریکوری کرتے ہوئے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں 4 ارب 5 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرا لیے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم قیصر اقبال کے فرنٹ مین اور ڈمپر ڈرائیور ممتاز خان نے پلی بارگین کے تحت نقد رقم، جائیداد اور گاڑیوں کی صورت میں 4 ارب 5 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرانے کے بعد رہائی حاصل کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم قیصر اقبال نے مبینہ طور پر اپنے فرنٹ مین ممتاز خان کو استعمال کرتے ہوئے جعلی کمپنیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوائے، جن کے ذریعے قومی خزانے سے بھاری رقوم باہر منتقل کی گئیں۔

نیب ذرائع کے مطابق احتساب عدالتوں کے انتظامی جج ظفر خان کے روبرو پلی بارگین سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا محمد علی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم ممتاز خان کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے تحقیقات کے دوران ملزم کے اکاؤنٹس میں 4 ارب روپے سے زائد کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے شواہد حاصل کیے، جس کے بعد ملزم نے پلی بارگین کی درخواست دی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.