مری میں برفانی طوفان کی پیشگوئی، ٹریول ایڈوائزری جاری، رات کے سفر سے گریز کی ہدایت

0

مری: مری میں متوقع شدید برفباری اور برفانی طوفان کے پیش نظر ضلعی پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

 ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا کے مطابق آج شام سے کل شام تک مری میں شدید برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سیاحوں اور شہریوں کو رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی پی او کے مطابق درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث سڑکوں پربرف کی شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے، جس سے پھسلن میں اضافہ ہو گا اور حادثات کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ برفانی سڑکوں پر گاڑیوں کے بریک مؤثر طریقے سے کام نہیں کرتے، اس لیے رات کا سفر انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق اندھیرے اور دھند کے باعث برف ہٹانے والی مشینری کا کام بھی متاثر ہوتا ہے، اس لیے ’اسنو چین‘ کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی پی او نے مسافروں کو ہدایت کی کہ مری روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں،مکینیکل فٹنس چیک کروائیں اور بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کے درست ہونے کو یقینی بنائیں۔ برفانی سڑکوں پر رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے کم از کم 50 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر گاڑی میں ہیٹر چل رہا ہو تو شیشے تھوڑے کھلے رکھیں کیونکہ آکسیجن کی کمی جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ دھند اور برفباری میں فوگ لائٹس اور ہیزرڈ لائٹس کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور شاہراہوں یا ڈھلوانوں پر گاڑی پارک نہ کی جائے تاکہ برف ہٹانے کے عمل میں رکاوٹ نہ ہو۔

ڈی پی او نے شہریوں کو تاکید کی کہ چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، جبکہ ہنگامی صورتحال یا کسی حادثے کی صورت میں فوری طور پرپولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.