پشاور: شدید برفباری میں پھنسے 3 ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا
پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید برفباری کے دوران ریسکیو اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 3,010 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، جو مختلف علاقوں میں برف میں پھنس گئے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران 942 گاڑیوں کو برف سے نکال کر ٹریفک بحال کر دیا گیا، جبکہ موقع پر ہی سیکڑوں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں 60 اہم سڑکیں اور شاہراہیں ہیوی مشینری کے ذریعے کلیئر کی گئیں تاکہ آمد و رفت بحال ہو سکے۔ اس بڑے ریسکیو آپریشن میں 535 اہلکاروں اور 190 ریسکیو گاڑیوں نے حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں 32 عارضی ریسکیو پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ہائی الرٹ پر ہیں۔
