امریکی یونیورسٹی نے ایرانی اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کی بیٹی کو ملازمت سے برطرف کر دیا

0

واشنگٹن/اٹلانٹا: امریکا کی معروف ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فاطمہ اردشیر لاریجانی ایموری یونیورسٹی کےمیڈیکل اسکول میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، جہاں وہ ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی کے مضامین پڑھا رہی تھیں۔

یونیورسٹی کے ذیلی ادارے ون شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فاطمہ لاریجانی اب ادارے کی ملازم نہیں رہیں، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے برطرفی کی وجوہات بتانے سے انکار کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق چند روز قبل امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن ارل کارٹر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک خط لکھا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فاطمہ لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کیا جائے اور ان کامیڈیکل لائسنس بھی منسوخ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق یہ معاملہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سیاسی رنگ اختیار کر گیا ہے، جس کے بعد تعلیمی اور سیاسی حلقوں میں اس فیصلے پر بحث جاری ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.