نیوزی لینڈ کے خلاف ابھیشیک شرما کی 14 گیندوں پر برق رفتار ففٹی، بھارت نے سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کر لی
گوہاٹی: بھارت نے ابھیشیک شرما کی شاندار اور برق رفتار ففٹی کی بدولت تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے گلین فلپس 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارتی بولنگ اٹیک نے ابتدا ہی سے دباؤ برقرار رکھا، جس میں جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
ابھیشیک شرما نے صرف 14 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور20 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ ان کی یہ ففٹی بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارتی بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ نے نیوزی لینڈ کے بولرز کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا، اور بھارت نے ایک اور یکطرفہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں مضبوط پوزیشن بنا لی۔
