پی ایس ایکس میں تاریخی تیزی، کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 90 ہزار کی سطح عبور کر گیا

0

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان جاری ہے، جہاں پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای-100 انڈیکس نے تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 90 ہزار کی سطح پار کر لی۔

کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 1,400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ٹریڈنگ کے دوران بڑھ کر1,800 پوائنٹس سے بھی تجاوز کر گیا۔ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 190,600 سے اوپر کی سطح تک پہنچ گیا۔

بازار میں اس تیزی کی بڑی وجوہات میں سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی سے متعلق مثبت توقعات، مہنگائی میں کمی، مستحکم روپے کی قدر اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کار اس بات کی توقع کر رہے تھے کہ سٹیٹ بینک شرح سود میں مزید نرمی کرے گا، جس سے مارکیٹ میں خریداری کا دباؤ بڑھا۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ بینکنگ، آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر اور سیمنٹ سیکٹرز میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس نے انڈیکس کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ماہرین کے مطابق اگر معاشی اشاریے مثبت رہے اور پالیسی استحکام برقرار رہا تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آئندہ دنوں میں بھی تیزی کا رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.