وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دے دی

0

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میئر کراچی نے شہر کی 409 خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی نشاندہی کی۔

اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے 7 اضلاع میں 400 سڑکوں پر پیچ ورک جبکہ 9 سڑکوں کی مکمل تعمیر نو کی جائے گی۔ سڑکوں، سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 12.57 ارب روپے لاگت آئے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کے مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 21.53 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری بھی دی، جبکہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے گرانٹ اور 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے لیے بھی مالی امداد کی منظوری دی گئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی سہولت اور شہری تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سڑکوں کی بحالی سے نہ صرف آمد و رفت میں بہتری آئے گی بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے شہر کی 26 بڑی سڑکوں کی بحالی کے لیے کے ایم سی کو ہدایات جاری کی ہیں اور تمام منصوبوں پر شفاف، معیاری اور بروقت کام مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ خزانہ کو فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.