مضبوط اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مضبوط اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ قانون و امن کا نفاذ پولیس کی ایک مقدس امانت ہے۔ہ مسلح افواج ہمیشہ پاکستان پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات اور خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت داخلہ بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی پہنچنے پر کمانڈنٹ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ مستعد پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی، جرائم اور سکیورٹی چیلنجز کے خلاف جدوجہد میں پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ملک کے امن کے لیے لازوال خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے آئی جیز، ایڈیشنل آئی جیز اور سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے بین الاداراتی تعاون اور جدید پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ عوامی اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیاد ہے، اور ایک مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس ہی ملک میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنا سکتی ہے۔
