بھارت یو اے ای کا سب سے بڑا ایل این جی صارف بن گیا، 3 ارب ڈالر کا تاریخی معاہدہ طے

0

نئی دہلی/ابوظہبی: بھارت اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان 3 ارب ڈالر مالیت کا ایل این جی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد بھارت یو اے ای کا سب سے بڑا ایل این جی صارف بن گیا ہے۔

یہ اہم معاہدہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے انتہائی مختصر دورۂ بھارت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں طے پایا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے آئندہ 6 برسوں میں دو طرفہ تجارت کا حجم 200 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اسٹریٹیجک دفاعی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ایل این جی معاہدے کے تحت ابوظہبی کی سرکاری توانائی کمپنی آئندہ 10 برس تک بھارت کو ہر سال 5 لاکھ میٹرک ٹن ایل این جی فراہم کرے گی۔ کمپنی کے مطابق بھارت کے ساتھ اس کے مجموعی ایل این جی معاہدوں کی مالیت اب 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ آنے والے وفد میں یو اے ای کے وزیر دفاع اور وزیر خارجہ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کیے، جس کا مقصد اسٹریٹیجک دفاعی شراکت داری کے قیام کی سمت عملی پیش رفت کرنا ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ معاہدہ بھارت کی توانائی ضروریات اور یو اے ای کے ساتھ اس کے معاشی و دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.