گل پلازہ کے دو فلور کلیئر، 27 لاشیں برآمد، 74 لاپتا افراد کی تصدیق، ریسکیو آپریشن جاری
کراچی: گل پلازہ میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جہاں آگ سے متاثرہ عمارت کے گراؤنڈ اور پہلے فلور کو کلیئر کر لیا گیا ہے۔
ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو کے مطابق ریسکیو ٹیمیں دوسرے اور تیسرے فلور میں داخلے کی کوشش کر رہی ہیں، اس مقصد کے لیے کٹر کی مدد سے گرلز کاٹی جا رہی ہیں۔
ڈی سی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لاپتا افراد کی تعداد 81 بتائی گئی تھی تاہم ناموں کی دہری اندراج کے باعث اب تک 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہو چکی ہے، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق اب تک 27 لاشیں سول اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ متوفین میں سے 14 لاشوں کے نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 7 لاشوں کی شناخت مکمل ہو گئی ہے۔ ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔
پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ متوفین کی شناخت کے لیے 50 اہل خانہ کے ڈی این اے نمونے حاصل کر کے سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، جامعہ کراچی میں کیے جائیں گے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے کچھ انسانی اعضاء پر بھی مزید فارنزک کارروائی جاری ہے۔
