امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کر دیا
واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نئے تارکین وطن امریکی عوام کی دولت اور ٹیکسز کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ان ممالک میں پاکستان، افغانستان، ایران، روس، صومالیہ، برازیل، نائیجریا، تھائی لینڈ، عراق، اردن، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق یہ معطلی 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی اور امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک محکمہ خارجہ طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ نہیں لے لیتا، موجودہ قوانین کے تحت ویزے جاری نہ کیے جائیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس پابندی کی کوئی مدت نہیں بتائی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے بہت سے تارکین وطن امریکہ پہنچنے کے بعد ریاست پر بوجھ بن جاتے ہیں اور اسی وجہ سے یہ پابندی ضروری سمجھی گئی ہے۔
