معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور متعدد ممالک ان کی خریداری کے لیے پاکستان سے بات چیت کر رہے ہیں، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم قومی و معاشی امور پر غور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزارتِ خزانہ کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے جانے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن پر مزید غور کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

اجلاس میں پرائیویٹ حج پالیسی 2027 تا 2030 کے مسودے کو مزید غور کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔

وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور دہشت گردی کا مکمل صفایا کر کے دم لیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختصر عرصے میں معاشی میدان میں بڑی پیش رفت کی ہے، معاشی استحکام حاصل کر لیا گیا ہے اور اب ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ملکی معیشت کو تقویت ملے گی اور ڈیجیٹل و مالیاتی شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.