بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے سے کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ

0

ڈھاکہ: بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی فنانس کمیٹی کے سربراہ نجم الحسین نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں بورڈ کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا۔

نجم الحسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت کے بدلے بورڈ کو براہِ راست کوئی آمدن نہیں ہوتی، اس لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نہ کھیلنے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو مالی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے سے کھلاڑیوں کو نقصان ہوگا کیونکہ انہیں میچ فیس کی مد میں ادائیگی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں کھلاڑیوں کا مالی ازالہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خراب کارکردگی کے باوجود بورڈ کھلاڑیوں پر کروڑوں ٹکہ خرچ کرتا ہے اور کبھی کھلاڑیوں سے یہ نہیں کہا کہ وہ رقم واپس کریں۔ نجم الحسین نے سوال اٹھایا کہ اگر بورڈ ہی مستحکم نہ رہے تو کھلاڑی کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

بی سی بی فنانس کمیٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ 2027 تک بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی آمدن متاثر نہیں ہوگی کیونکہ 2022 میں آئی سی سی فنانس کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل کے ورلڈکپس، دوطرفہ سیریز اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس میں یہ معاملہ اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل سوال یہ ہوگا کہ آیا مستقبل میں ٹیمیں فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت بنگلادیش کا دورہ کریں گی یا نہیں، کیونکہ یہی بات کرکٹ بورڈ کی آمدن اور عالمی تعلقات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.