ای سی سی نے دفاعی منصوبوں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب 8 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر دی
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دفاعی منصوبوں کے لیے 5 ارب 8 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اس ضمنی گرانٹ کے تحت مختلف ترقیاتی اور دفاعی منصوبوں کے لیے رقم مختص کی گئی ہے:
پنجاب میں ایس ڈی جی پروگرام کے لیے 2 ارب روپے۔ اسلام آباد میں آٹزم سینٹر کے لیے خصوصی بچوں کی ٹرانسپورٹ کے لیے 32 کروڑ روپے۔آسان خدمت مرکز اسلام آباد کے قیام کے لیے 80 کروڑ روپے۔ ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور آئی ٹی منصوبوں کے لیے 3 ارب 70 کروڑ روپے۔
ایف بی آر کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے لیے 3 ارب روپے۔ ایشیا پیٹرولیم لمیٹڈ پائپ لائن کے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے کمیٹی قائم کی گئی۔ فلم و ڈرامہ فنانس فنڈ کے لیے 70 کروڑ روپے، جس میں ہدایت کی گئی کہ فنڈز شفاف طریقے سے خرچ کیے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس ضمنی گرانٹ کا مقصد دفاعی استعداد بڑھانا، سماجی اور ڈیجیٹل ترقی کے منصوبوں کو فروغ دینا اور فلم و ڈرامہ صنعت کے لیے فنڈز کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔
