دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستانی پاسپورٹ 98ویں نمبر پر
اسلام آباد: کی پہلی ششماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستان ایک بار پھر کمزور ترین پاسپورٹس رکھنے والے ممالک میں شامل رہا ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جنوری تا جون 2026 کے لیے جاری کردہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 98ویں نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری صرف 31 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، جس کے باعث پاکستان کو دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔
یمن کا پاسپورٹ بھی پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر 98ویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ عراق 99ویں، شام 100ویں اور افغانستان 101ویں نمبر پر رہا۔
دوسری جانب دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سنگاپور کا قرار پایا ہے، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جن کے پاسپورٹس کے ذریعے 188 ممالک میں ویزا فری رسائی ممکن ہے۔
تیسرے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، سویڈن، اسپین اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس رہے، جو 186 ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر آسٹریا، بیلجیئم، آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، جرمنی، ناروے، فن لینڈ، یونان اور نیدرلینڈز شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس کے ذریعے 185 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے۔
پانچویں نمبر پر ہنگری، پرتگال، سلواکیہ، سلوانیا اور متحدہ عرب امارات رہے، جن کے شہری 184 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ چھٹے نمبر پر کروشیا، ایسٹونیا، مالٹا، نیوزی لینڈ اور پولینڈ جبکہ ساتویں نمبر پر آسٹریلیا، لٹویا، لیختن اسٹائن اور برطانیہ شامل رہے۔
خطے کے دیگر ممالک میں بھارت 80ویں، چین 59ویں، ایران 92ویں اور سعودی عرب 54ویں نمبر پر رہا، جبکہ صومالیہ 97ویں، نیپال 96ویں اور بنگلا دیش 84ویں نمبر پر موجود ہے۔ ہینلے انڈیکس کے مطابق یہ درجہ بندی عالمی سطح پر سفری آزادی اور بین الاقوامی تعلقات کی عکاس سمجھی جاتی ہے۔
