خیبرپختونخوا: پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں 8 دہشتگرد ہلاک
پشاور:خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی نے بنوں، خیبر اور پشاور کے نواحی علاقے ظاہرگڑھی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دیگر دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق شاہ کس بائی پاس روڈ سے ملحقہ ناکے کلے کے علاقے میں کارروائی کے دوران دہشتگردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
