ایران کا امریکہ اور صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت میں شہید ہونے والوں کی یاد میں 3 روزہ سوگ کا اعلان
تہران:ایران نے امریکہ اور صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کے دوران شہید ہونے والوں کی یاد میں ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بدامنی کے دوران ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا الزام ایرانی حکام نے امریکا اور اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی انقلاب کی حمایت میں آج دوپہر تہران کے معروف انقلاب اسکوائر پر ایک بڑی عوامی ریلی بھی منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت متوقع ہے۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران میں افراتفری اور بے امنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ایران میں فسادات کو ہوا دے رہے ہیں۔
صدر پزشکیان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فسادی عناصر اور دہشت گردوں سے خود کو دور رکھیں اور انہیں ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو یقین رکھنا چاہیے کہ حکومت انصاف کے قیام اور ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی قیادت کے مطابق سوگ کے ان تین دنوں میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا اور مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات اور اجتماعات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اعلان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایران کے سخت اور واضح مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
