فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات، پیشہ ورانہ عسکری تعاون اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پیشہ ورانہ عسکری تعاون، مشترکہ تربیتی پروگرامز اور تربیتی تبادلوں کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دفاعی تعاون میں وسعت پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ نے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے خطے میں بحری امن و استحکام کے لیے پاکستان نیوی کے اقدامات پر روشنی ڈالی، جبکہ بنگلہ دیش ایئر چیف نے پاکستان نیوی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فریقین نے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور مشترکہ تربیتی مشقوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔
بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ کا دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط ہوتے دفاعی تعلقات کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کی عسکری قیادت کے باہمی روابط اور اعتماد کو مزید تقویت دے گا۔
