لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں ہر ظالم اور مافیا کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے اور کسی بھی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئمہ کرام کی خدمت میرے لیے اعزاز ہے: مریم نواز
لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئمہ کرام کی خدمت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور امام مسجد معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کریں۔
آئمہ کرام کے لیے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ آئمہ کرام کے لیے 70 ہزار بینک اکاؤنٹس کھول دیے گئے ہیں جبکہ 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ 20 ارب روپے سالانہ پر مشتمل ہے اور فروری سے اعزازیہ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی، مگر ایسا نہیں ہو سکا۔
دین کے نام پر فتنہ پھیلانا خیانت ہے
مریم نواز نے کہا کہ فتنہ کی سرکوبی کے لیے انہیں علما کرام کے تعاون کی ضرورت ہے۔ دین کے نام پر فتنہ پھیلانا خیانت ہے اور ماضی میں کئی عناصر نے مذہب کو استعمال کر کے فساد کو فروغ دیا۔
شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا: وزیر اعلیٰ پنجاب
انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے نوجوانوں کو شہید کیا گیا، عوام کی املاک نذرِ آتش کی گئیں اور راستے بند کیے گئے۔ اگر یہ فتنہ نہیں تو اور کیا ہے۔ فتنہ اور ظلم چاہے کسی بھی شکل میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور ریاست شہداء کے خون کا حساب لے گی۔
مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی ضروری
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکلات کے وقت لوگ دین کی طرف رجوع کرتے ہیں، جبکہ قرآن و حدیث میں فساد کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ علما کرام کو چاہیے کہ مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنی صفوں کو درست رکھیں۔
پنجاب میں ڈالا کلچر اور خواتین کی بے حرمتی کا خاتمہ
مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ڈالا کلچر ختم کیا گیا اور خواتین کی بے حرمتی کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی فتنے کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
ٹریفک قوانین پر سختی عوام کی حفاظت کے لیے
ٹریفک قوانین پر سختی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ لوگ اس سے خوش نہیں، مگر یہ اقدامات عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کا چالان کرنے کا شوق نہیں۔
