قومی سلامتی خدشات پر ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا فیصلہ، چِپ ڈیل منسوخ، چینی روابط پر سخت اعتراض

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے قومی سلامتی اور چین سے ممکنہ روابط کے خدشات کے باعث ایک اہم ٹیکنالوجی معاہدہ روک دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے حکم کے تحت امریکی فوٹونکس کمپنی ہیفو کارپوریشن کو نیو جرسی کی دفاعی اور ایرو اسپیس سے وابستہ فرم ایمکور (Amkor) کے اثاثے خریدنے سے روک دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ فیصلے میں ہیفو کارپوریشن کو ایمکور کے تقریباً 30 لاکھ ڈالر مالیت کے اثاثے حاصل کرنے سے منع کر دیا۔ یہ فیصلہ امریکی قومی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات اور چین کے اثر و رسوخ کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہیفو کارپوریشن میں ایک ایسا فرد شامل ہے جو عوامی جمہوریہ چین کا شہری ہے، جس کی وجہ سے اس معاہدے کو امریکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔ صدر ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کی ملکیت حساس ٹیکنالوجی تک غیر محفوظ رسائی کا باعث بن سکتی ہے، جو قومی مفادات کے منافی ہے۔

حکم نامے کے مطابق ہیفو کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 180 دن کے اندر ایمکور کے تمام اثاثوں اور متعلقہ حقوق سے مکمل طور پر دستبردار ہو جائے۔ تاہم اس حکم میں کسی مخصوص فرد یا خطرے کی تفصیلی وضاحت شامل نہیں کی گئی۔

یہ خدشات امریکی ادارے کمیٹی آن فارن انویسٹمنٹ اِن دی یونائیٹڈ اسٹیٹس (CFIUS) کی جانب سے سامنے آئے، جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے قومی سلامتی پر اثرات کا جائزہ لیتا ہے۔ تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ خطرے کی نوعیت کیا تھی یا کن پہلوؤں کو حساس سمجھا گیا۔

ایمکور کے مطابق ہیفو کارپوریشن نے 2024 میں کمپنی کے انڈیم فاسفائیڈ ویفر فیبریکیشن آپریشنز اور چِپس بزنس کو 29 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں خریدا تھا۔ ہیفو کے بانی جنزاؤ ژانگ اور ہیری مور ہیں، تاہم کمپنی کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اس فیصلے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.