لاہور میں تین روزہ ”محفوظ بسنت“ منانے کا فیصلہ، سخت قوانین اور زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
لاہور: کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت ”محفوظ بسنت“ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بسنت کی تاریخوں، حفاظتی انتظامات اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ضلع لاہور کی حدود میں تین روزہ ”محفوظ بسنت“ 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو منائی جائے گی۔
کمشنر لاہور مریم خان نے ہدایت کی کہ محفوظ بسنت کی تاریخوں اور قوانین کی خلاف ورزی پر بروقت اور سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ بسنت کے دوران 100 کیمپس کے ذریعے 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹر سائیکلوں پر لگائے جائیں گے جبکہ لاہور ٹریفک انتظامیہ کی جانب سے 23 روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق شہر میں پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہوگی، جبکہ 6 فروری 2026 سے قبل ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل لاہور کی سڑکوں پر نہیں آئے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کائٹ فلائنگ میٹیریل کی مینوفیکچرنگ کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور میں ہوگی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کمشنر لاہور نے زیرو غفلت کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
کمشنر لاہور نے مزید بتایا کہ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی ”ای بز“ ایپ پر آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے اور صرف رجسٹرڈ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کو ہی کاروبار کی اجازت ہوگی۔ کائٹ فلائنگ آرڈینینس 2025 کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو سیفٹی وائرز اور راڈز لگانا لازمی ہوگا۔
محفوظ بسنت کو ثقافتی تہوار کے طور پر منانے کے دوران تمام محکمے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے معاون ہوں گے۔ تمام رجسٹرڈ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز اپنے این او سی سرٹیفکیٹس نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے۔
کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ محفوظ بسنت کے انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید چوہان، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی نجم الثاقب، اے ڈی سی جی محمد زخرف، اے سی جی وجیہہ ثمرین، اے سی سٹی رائے بابر، ضلعی سیکرٹری ٹرانسپورٹ رانا محسن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
