2025 میں کے الیکٹرک کا مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ ، 339 نئی صنعتی کنکشنز اور 3500 میگاواٹ بجلی فراہم

0

کراچی: کےالیکٹرک نے سال 2025 میں اپنی مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صارفین اور صنعتی شعبے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے۔

ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق کمپنی نے 2025 میں 339 نئی صنعتی بجلی کنکشنز فراہم کیے، جس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملا اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوا۔

کےالیکٹرک نے سال بھر میں صارفین کی 3500 میگاواٹ سے زائد بجلی کی طلب کامیابی سے پوری کی جبکہ قومی گرڈ سے بجلی حاصل کرنے کی استعداد کو بڑھا کر2000 میگاواٹ تک کر دیا گیا۔ کمپنی نے 2025 میں 27 لاکھ صارفین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے منسلک کیا اور کے۔الیکٹرک لائیو ایپ کے ذریعے 12 لاکھ صارفین کو سہولیات فراہم کیں۔

ترجمان کے مطابق کےالیکٹرک نے خطے میں سب سے پہلے SAP S4 HANA سسٹم نافذ کیا اور توانائی کے شعبے میں مقامی جدت کے فروغ کے لیے EPIC انوویشن چیلنج کا انعقاد کیا۔ بجلی کے جدید انتظام کے لیے کمپنی نے ملک کی پہلی AI پر مبنی چیٹ بوٹ KINETO متعارف کرائی جو روزانہ 3000 چیٹس ہینڈل کرتی ہے۔

بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران 320,000 کلوگرام غیر قانونی وائرنگ ہٹا دی گئی۔ کےالیکٹرک اب 38 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے جبکہ اس کا ترسیلی و تقسیمی نیٹ ورک 6500 مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ نیٹ ورک میں 78 گرڈ اسٹیشنز، 2135 فیڈرز اور 32 ہزار سے زائد ٹرانسفارمرز شامل ہیں۔

کمپنی کی توانائی کی فراہمی اور جدید خدمات کے شعبے میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے،’فرق پڑتا ہے‘ مہم پر کےالیکٹرک کو گرینڈ پری ایفّی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔یہ کارکردگی کے۔الیکٹرک کی صارفین کے لیے بہتر خدمات، صنعتی ترقی، اور توانائی کے شعبے میں جدیدیت کے عزم کی عکاس ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.