کارکردگی، شفافیت، احتساب اور میرٹ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد:53ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے پروبیشنری افسران نے پری سروس ٹریننگ کے سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
اس دورے کا مقصد پاکستان کے ریونیو انتظامی نظام اور ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی اقدامات سے متعلق تفصیلی آگاہی حاصل کرنا تھا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) فرحان عزیز خواجہ اور فیکلٹی ممبران بھی پروبیشنری افسران کے ہمراہ تھے۔
136 پروبیشنری افسران پر مشتمل یہ بیچ اس وقت سول سروسز اکیڈمی لاہور میں لازمی تربیت حاصل کر رہا ہے۔ ایف بی آر پہنچنے پر افسران کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ کے لیے آڈیٹوریم لے جایا گیا، جہاں بریفنگ سیشن کی صدارت چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کی۔
بریفنگ کے دوران پروبیشنری افسران کو ایف بی آر کے مینڈیٹ، تنظیمی ڈھانچے اور بنیادی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ ایف بی آر حکام نے محصولات کی وصولی کے فریم ورک، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ملک کی حقیقی ریونیو صلاحیت کو بروئے کار لانے سے متعلق جاری اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔

پروبیشنری افسران کو ایف بی آر کے مختلف اصلاحاتی اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم، ڈیجیٹلائزیشن، رسک مینجمنٹ سسٹم، پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم، ویڈیو اینالیٹکس اور کارگو ٹریکنگ سسٹم شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ایف بی آر کو ایک جدید، شفاف اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ادارہ بنانا ہے۔
اس موقع پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ادارے کے اصلاحاتی ایجنڈے کا مرکزی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، پراسسز کی آٹومیشن اور جدید ٹیکنالوجیز بشمول مصنوعی ذہانت کا بتدریج استعمال ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو بنیادی طور پر تبدیل کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی، شفافیت، احتساب اور میرٹ پر مبنی کیریئر ترقی کو فروغ دینے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دورے کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے پروبیشنری افسران کو فراہم کی گئی جامع بریفنگ پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے ایف بی آر کی ادارہ جاتی تبدیلی اور اصلاحاتی سفر کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہوئیں اور ادارے کی اپنی تیار کردہ اسٹرکچرل ریفارمز اب عملی نتائج دے رہی ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات کو شفافیت اور کارکردگی کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کی قیادت، بالخصوص چیئرمین ایف بی آر کے کردار کو سراہا۔
بعد ازاں پروبیشنری افسران نے ایف بی آر کے مختلف ونگز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے متعلق امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور افسران کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب اور تبادلۂ خیال کیا۔ دورے کے اختتام پر دونوں جانب سے یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

