سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

0

ڈھاکہ :بنگلادیش کی پہلی خاتون اور دو مرتبہ منتخب ہونے والی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں ادا کر دی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ بنگلادیش کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا مانک ایونیو میں ادا کی گئی، جہاں سیاسی رہنماؤں، سفارتکاروں، سماجی شخصیات اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

نمازِ جنازہ میں بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس بھی شریک ہوئے، جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سردار ایاز صادق نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے سیاسی و جمہوری کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا ۔ تدفین سے قبل ان کی میت کو عوام کے دیدار کے لیے رکھا گیا، جہاں شہریوں نے طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر انہیں آخری سلام پیش کیا۔

یاد رہے کہ خالدہ ضیا دو روز قبل ڈھاکا کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ بنگلادیش کی سیاست کی ایک نمایاں اور اثر انگیز شخصیت تھیں اور دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم رہیں۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1991 سے 1996 تک اور دوسری بار 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔

خالدہ ضیا کو بنگلادیش میں جمہوریت کی بحالی، پارلیمانی سیاست کے فروغ اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ان کے انتقال پر نہ صرف بنگلادیش بلکہ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ عالمی رہنماؤں اور اداروں کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.