ڈھاکہ میں غیر معمولی سفارتی لمحہ: پاکستان کےسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات

0

ڈھاکہ :بنگلہ دیش کی سابقہ وزیر اعظم اور بی این پی کی سربراہ بیگم خالده ضیا کی آخری رسومات کے موقع پر ڈھاکہ میں ایک غیر معمولی اور علامتی سفارتی منظر دیکھنے میں آیا، جہاں پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان مختصر مگر اہم ملاقات ہوئی۔

مئی میں پاک بھارت کشیدگی اور جنگ جیسے حالات کے بعد یہ دونوں ممالک کے اعلیٰ نمائندوں کے درمیان پہلا براہِ راست اور اعلیٰ سطحی رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی ایشیا کے کئی ممالک نے بیگم خالده ضیا کے انتقال پر اعلیٰ سطحی نمائندے ڈھاکہ بھیجے۔ بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر جبکہ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی نے نہ صرف بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا بلکہ خطے میں سفارتی حلقوں کی توجہ بھی حاصل کی۔

بیگم خالده ضیا کے گھر اور بعد ازاں جنازے کے موقع پر سردار ایاز صادق اور ڈاکٹر ایس جے شنکر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں نے مصافحہ کیا اور رسمی خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔ سفارتی مبصرین کے مطابق اگرچہ ملاقات مختصر تھی، تاہم اس کی علامتی اہمیت غیر معمولی ہے کیونکہ یہ حالیہ کشیدگی کے بعد پاک بھارت سطح پر پہلا براہِ راست اعلیٰ رابطہ ہے۔

پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ یہ دورہ حکومتِ پاکستان اور عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا گیا، جس کا مقصد بیگم خالده ضیا کے جمہوری کردار اور بنگلہ دیشی سیاست میں ان کی طویل خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی بھارت کی حکومت اور عوام کی جانب سے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے سیاسی کردار کو سراہا۔

اس موقع پر نیپال، بھوٹان، مالدیپ اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے نمائندے بھی موجود تھے، تاہم تمام تر توجہ پاکستان اور بھارت کے نمائندوں کی ملاقات پر مرکوز رہی، جسے خطے میں مستقبل کے سفارتی امکانات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.