انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
دبئی :پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ایشین کرکٹ کونسل کے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کی نوجوان ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں قومی بیٹرز کے بعد بولرز نے بھی حریف ٹیم کو شدید دباؤ میں رکھا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 347 رنز بنائے، جبکہ جواب میں بھارتی ٹیم 26.1 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے 348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 82 رنز پر اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اور 115 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے سمیر منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے محض 71 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی اور وہ اس ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز اسکور کیے، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارتی بولرز کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بھارت کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، بھارتی ٹیم کے بیٹر دیوندرن نے 36 اور سوریا ونشی نے 26 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 42 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ٹورنامنٹ اور میچ میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم کے بیٹر سمیر منہاس کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
