پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ، اسحاق ڈار کی جامع حکمتِ عملی پر زور
اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے آٹھویں اجلاس کے لیے بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام اہم شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان عمان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جامع اور نتیجہ خیز حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت کے برآمد، اور بحری تعاون کے شعبوں میں پیش رفت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے، تعلیم، لاجسٹکس اور قونصلر اُمور میں تعاون کے فروغ، اور برآمدات و روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مربوط اقدامات پر زور دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، اقتصادی امور و داخلہ کے سیکرٹریز، پاکستان کے سفیر برائے عمان اور وزارتِ خارجہ سمیت متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

