صدرِ مملکت آصف زرداری سے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

0

دوحہ:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے قطر کے وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے دوحہ میں ملاقات کی۔ قطری وزیراعظم خصوصی طور پر صدرِ مملکت سے ملاقات کے لیے ان کے قیام گاہ پہنچے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری کے امکانات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی حمایت اور انسانی بنیادوں پر قطر کی قیادت کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور انسانی اقدار کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔صدرِ مملکت نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد پر قطری قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قطر نے عالمی سطح پر ایک مثبت اور ترقی یافتہ چہرہ پیش کیا۔

اس موقع پر قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کی بہادری اور استقامت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔

قطری وزیراعظم نے افغانستان میں قیامِ امن کے لیے جاری کوششوں میں بہتری کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام تمام ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے قطر کو پاکستان میں بالخصوص اسٹاک ایکسچینج اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے، اور حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

قطری وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ قطر پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور دیگر تجارتی و سرمایہ کاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کا حجم مزید بڑھائے گا۔ملاقات میں خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اور پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، تجارتی وفود کے تبادلے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.