قلات میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک ، صدر و وزیرِاعظم کا شہدا کو خراجِ تحسین

0

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق بھارتی پراکسی یافتہ تنظیم "فتنہ الہندوستان” سے تھا، جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ سکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت اور دلیری کے ساتھ دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، جب کہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے، تاکہ ملک میں بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم پاکستان نے قلات آپریشن میں بہادری سے لڑنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ قوم اپنے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور بیرونی قوتوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.