پاکستان اور قازقستان کی افواج کی مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق “دوستارم-5” مکمل ، اختتامی تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور قازق سفارتکاروں کی شرکت
راولپنڈی :پاکستان اور قازقستان کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق “دوستارم-5” (Dostarym-V) کی اختتامی تقریب چیراٹ میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے جاری رہنے والی یہ مشق 14 اکتوبر 2025 کو شروع ہوئی تھی، جس میں پاکستان آرمی کی سپیشل سروسز گروپ (SSG) اور قازقستان سپیشل فورسز کے جنگی دستوں نے شرکت کی۔
مشق کی اختتامی تقریب میں کمانڈنٹ سپیشل آپریشنز سکول چیراٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ قازقستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے دوران دونوں ممالک کے جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جنگی مہارت اور مشترکہ آپریشنل ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے حربی طریقہ کار، حکمتِ عملی اور تکنیکی مہارتوں کو مزید بہتر بنانا تھا، تاکہ دونوں افواج کو حقیقی آپریشنل حالات میں مشترکہ ردِعمل کی تربیت حاصل ہو۔اس مشق کے ذریعے پاکستان اور قازقستان کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا موقع ملا۔

اختتامی تقریب کے موقع پر دونوں ممالک کے پرچموں کے رنگوں میں سجی پریڈ اور دستوں کی پیش قدمی نے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔آئی ایس پی آر کے مطابق “دوستارم-5” سیریز کی یہ مشق دو طرفہ اعتماد، تجربے کے تبادلے اور علاقائی امن کے فروغ کی ایک کامیاب مثال ہے۔
