پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا وقت اور مقام چوتھی بار تبدیل

0

اسلام آباد:آزاد کشمیر میں سیاسی منظرنامہ ایک بار پھر گرما گیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا مقام اور وقت چوتھی مرتبہ تبدیل کر  دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  نے اجلاس آج شام زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق اجلاس میں بلاول بھٹو اورفریال تالپور بھی شریک ہوں گے،  پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے تمام ارکانِ اسمبلی کو اجلاس میں  شرکت  یقینی بنانے کے لئے ہدایات  جاری کر دی گئی ہیں ۔اس اہم اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو عہدے سے ہٹانے، نئی حکومت کی تشکیل اور وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے حتمی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی کو 27 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہو جاتی ہے تو آج ہی نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان ممکن ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور آزاد کشمیر میں مطلوبہ ارکان کی حمایت کے لیے مختلف جماعتوں اور آزاد ارکان سے اہم ملاقاتیں کر رہی ہیں۔ پیپلزپارٹی قیادت کو امید ہے کہ آج کے اجلاس میں حکومت سازی کے حوالے سے بڑی پیش رفت ہوگی۔

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کار وں کے مطابق آزاد کشمیر میں اقتدار کی بساط ایک بار پھر الٹنے کے قریب دکھائی دے رہی ہے۔ پیپلزپارٹی نے جس منظم انداز میں پارلیمانی اجلاس کو اسلام آباد منتقل کیا ہے، اس سے واضح ہے کہ فیصلہ سازی اب مکمل طور پر مرکزی قیادت کے ہاتھ میں آ چکی ہے۔ فریال تالپور کی سرگرم ملاقاتیں اور بلاول بھٹو کی براہِ راست نگرانی ظاہر کرتی ہے کہ پارٹی اس بار کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے گی۔ تاہم حکومت کی تبدیلی کے لیے درکار چند ووٹ اب بھی غیر یقینی ہیں۔ اگر آج مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہوئی تو پیپلزپارٹی کی صفوں میں مایوسی اور اندرونی اختلافات بڑھ سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.