شان مسعود ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز مقرر، عثمان واہلہ سبکدوش
لاہور:پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز مقرر کر دیا گیا ہے۔ان کی یہ تقرری عثمان واہلہ کی سبکدوشی کے بعد عمل میں لائی گئی، جو کافی عرصے سے اس عہدے پر فائز تھے۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے جمعہ کی شب اسلام آباد میں ایک عشائیے کے دوران شان مسعود کی تقرری کا باضابطہ اعلان کیا۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پی سی بی اپنے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کر رہا ہے، جن کا مقصد بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا اور آپریشنز کو زیادہ مؤثر انداز میں چلانا ہے۔شان مسعود، جو حالیہ مہینوں میں بطور ٹیسٹ کپتان نمایاں قیادت دکھا چکے ہیں، اب بورڈ کے فیصلوں میں بھی فعال کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری کا مقصد کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ کرکٹ کے تکنیکی اور آپریشنل معاملات میں میدان اور دفتر کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔عثمان واہلہ طویل عرصے سے پی سی بی کے ساتھ منسلک تھے اور انہوں نے متعدد بین الاقوامی سیریز، ورلڈ کپ اور آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے امور سنبھالے تھے۔
