پاکستان کے خلاف افغان طالبان رجیم اور بھارتی نیٹ ورکس کا مذموم پروپیگنڈا بے نقاب ، وزارتِ اطلاعات نے گمراہ کن مہم کا پردہ چاک کردیا

0

اسلام آباد: پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان رجیم اور بھارت سے منسلک سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے پاکستان مخالف جھوٹے اور منظم پروپیگنڈا کو بے نقاب کر دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق بھارت اور افغان طالبان سے جڑے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف گمراہ کن بیانیہ پھیلانےمیں مصروف ہیں۔ ان اکاؤنٹس کے ذریعے چمن اجتماع کی پرانی ویڈیوز کو حالیہ واقعات کے طور پر پیش کر کےجھوٹا تاثر دیا جا رہا ہے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ویڈیوز دراصل دسمبر 2022 کے چمن اجتماع کی ہیں، جنہیں نیا دکھا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے وضاحت کی کہ یہ جھوٹا بیانیہ، من گھڑت خبریں اور جعلی تصاویر ایک مربوط پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصدپاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پیدا کرنا اور افغان طالبان رجیم کے سیاسی عزائم کو تقویت دینا ہے۔

ترجمان وزارتِ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پرانی ویڈیوز اور تصاویر کو نیا ظاہر کرنا ان کے مذموم عزائم اور حقیقت کو مسخ کرنے کی منظم کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔

 وزارت نے مزید کہا کہ بھارت اس وقت پاکستان مخالف پراپیگنڈا میں طالبان رجیم کا سب سے بڑا سہولت کار ہے اور اس کی سوشل میڈیا مشینری مسلسل پاکستان دشمن پروپیگنڈا کو ہوا دے رہی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ایسے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کو مسترد کرتا ہے اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ مواد کے پھیلاؤ سے اجتناب کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.