پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت، چیف ایگزیکٹو نے تصدیق کردی

0

لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیرنے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے ایڈیشن 11 میں 2 نئی ٹیمیں اور 2 اضافی مقامات شامل کیے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پوڈ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ بورڈ سنجیدگی سے 6 وینیوز پر میچز کرانے پر غور کررہا ہے۔ ان کے مطابق ان شاء اللہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 چھ مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور کا عمران خان اسٹیڈیم (سابق ارباب نیاز اسٹیڈیم) تقریباً مکمل ہو چکا ہے، تاہم بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے کچھ آخری مراحل باقی ہیں۔ ان کے بقول پی سی بی چاہتا ہے کہ یہ اسٹیڈیم پی ایس ایل 11 کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہو جائے، لیکن اس کے لیے طویل المدتی لیز معاہدہ ضروری ہے تاکہ بورڈ اس پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کر سکے۔

سلمان نصیر نے مزید بتایا کہ فیصل آباد کو بھی نئے میزبان شہروں میں شامل کیا جا رہا ہے، کیونکہ وہاں پہلے ہی بین الاقوامی میچز شیڈول ہیں۔لیگ میں توسیع کے حوالے سے سی ای او نے کہا کہ پی سی بی 2 نئی فرنچائزز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے اور ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل نومبر میں شروع کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، نئی ٹیموں کے حصول میں نمایاں دلچسپی پائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے سخت مسابقت متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.