فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مصر کا سرکاری دورہ، دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام پر اہم ملاقاتیں

0

راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز (ملٹری) ہلالِ جرات) چیف آف آرمی سٹاف، عرب جمہوریہ مصر کے سرکاری دورے پر ہیں۔یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے مصری وزیرِ دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالمجید صقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ مصر ایک برادر ملک ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف **دونوں اقوام کے عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

وزارتِ دفاع کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے نامعلوم سپاہی کی یادگار اور سابق مصری صدر محمد انور السادات کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جامعہ الازہر کے شیخِ اعظم احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔شیخ الازہر نے مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف نے انتہا پسند نظریات اور اسلام کی مسخ شدہ تشریحات کے خاتمےکی ضرورت پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.