علیمہ خان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ ضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم، ناقابلِ ضمانت وارنٹ برقرار

0

راولپنڈی: انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے خلاف عدم پیشی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اُن کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے نادرا، امیگریشن اور متعلقہ بینک حکام کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “علیمہ خان ہر جگہ نظر آتی ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔” جج امجد علی شاہ نے کہا کہ عدالت نے ملزمہ کو متعدد مواقع دیے، تاہم وہ پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے چوتھی مرتبہ اُن کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

عدالت نے اس موقع پر علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔یہ کارروائی 26 نومبر 2023 کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ہوئی، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے احتجاج کے دوران اشتعال انگیز تقاریر کیں اور عوام کو بدامنی پر اُکسایا۔

گزشتہ روز اس مقدمے میں تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش رفت رپورٹ جمع کرائی تھی، جس میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کے ممکنہ ٹھکانوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اُن کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.