ایشیا کپ ٹرافی تنازع: بھارت کی ہٹ دھرمی پر پاکستان کا دو ٹوک مؤقف، معاملہ آئی سی سی میں جانے کا امکان

0

اسلام آباد: ایشیا کپ ٹرافی کی حوالگی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹرافی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے وصول نہیں کرے گا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا کے مطابق بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو باضابطہ طور پر خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی براہِ راست بھارت کو ارسال کی جائے۔

 دیواجیت سائیکیا نے دعویٰ کیا کہ اگر اے سی سی نے اس مطالبے پر عمل نہ کیا تو معاملہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اٹھایا جائے گا۔ سائیکیا نے مزید کہا کہ بھارت کو اس معاملے میں سری لنکا اور افغانستان کی حمایت بھی حاصل ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے بھارت کو 10 نومبر کو ہونے والی تقریب میں ٹرافی وصول کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم بھارتی بورڈ کے انکار کے بعد پی سی بی نے قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرافی کی حوالگی اے سی سی کے ضابطوں کے مطابق ہوگی، اور کسی ملک کو ذاتی پسند یا سیاسی بنیاد پر ان قواعد میں تبدیلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پی سی بی چیئرمین اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے بھارتی بورڈ کے خط کے جواب میں ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کیا ، جس میں کہا گیا  کہ بھارت کی جیت کا اعتراف کیا جاتا ہے، مگر اے سی سی ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس کے فیصلے کسی دباؤ کے تحت تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔

محسن نقوی کے مطابق بھارتی خط اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ سے قبل موصول ہوا تھا اور اس پر اجلاس میں  غور بھی کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ بھارتی بورڈ نے یہ خط تمام اے سی سی رکن ممالک کو بھی بھیجا، اس لیے پی سی بی نے مؤقف وضاحت کے ساتھ ریکارڈ پر لانا ضروری سمجھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.