صدر آصف علی زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ملاقات

0

اسلام آباد: مسلم ورلڈ لیگ (MWL) کے سیکرٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے آج ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر العیسیٰ کے ہمراہ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، سیکرٹری جنرل کے مشیر و ریجنل ڈائریکٹر جناب سعد مسعود الحارثی، اور مسلم ورلڈ لیگ کے انڈر سیکرٹری برائے قانونی امور جناب عبداللطیف یوسف المطلق بھی موجود تھے۔

صدرِ مملکت نے ڈاکٹر العیسیٰ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے مسلم ورلڈ لیگ کی عالمی سطح پر اتحاد، اعتدال پسندی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا اور تنظیم کی تعلیمی و انسانی فلاحی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کو فخر کا باعث قرار دیا اور صدر زرداری کی سیاسی جدوجہد کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے حالیہ پاک،سعودی دفاعی تعاون کے معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کا مظہر قرار دیا۔

صدرِ مملکت نے مسلم ورلڈ لیگ کی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خاتمے، خواتین کے بااختیار بنانے، اور تعلیم کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے رواں سال اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کے زیرِ اہتمام مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کو اُمتِ مسلمہ کی فکری و اخلاقی مضبوطی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ میوزیم، جو گزشتہ سال پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے اشتراک سے قائم کیا گیا، دونوں ممالک کے نبی کریم ﷺ سے والہانہ عقیدت و احترام کا مظہر ہے۔

انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ اور پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے درمیان مجوزہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔

صدرِ مملکت نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے پاکستانی مؤقف کو دہرایا اور سعودی عرب و مسلم ورلڈ لیگ کی امن کی کوششوں خصوصاً شرم الشیخ پیس سمٹ اور غزہ پلان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پائیدار امن منصوبے کے لیے جنگ بندی، اسرائیلی انخلا، اور غزہ کی تعمیرِ نو ضروری ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، اور وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔

صدر مملکت  نے مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کو اُمتِ مسلمہ کے اتحاد، مکالمے، رواداری اور انسانی ہمدردی کے فروغ میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تعلیم، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی فلاح کے میدانوں میں تنظیم کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر شیری رحمٰن اور مولانا طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.