این ڈی ایم اے کی جانب سے فلسطین کے لیے مزید 100 ٹن امدادی سامان روانہ

0

لاہور : وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا۔ مجموعی طور پر یہ 23ویں امدادی کھیپ ہے جو الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس امدادی کھیپ میں 100 ٹن وزنی سامان شامل ہے جس میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، ڈبہ بند فروٹ، تیار کھانا اور دیگر اشیائے خورونوش کے راشن بیگز شامل ہیں۔ اب تک 23 کھیپوں کے ذریعے فلسطین کے عوام کے لیے بھیجی جانے والی امداد کا مجموعی وزن 2227 ٹن ہو چکا ہے۔

امدادی سامان روانگی کی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں حکومتی نمائندوں، این ڈی ایم اے کے افسران اور الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے امدادی سامان کی بروقت روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر ممکن حد تک فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا:“غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمان ہمارے بھائی ہیں، پاکستان ان کے ساتھ ہے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔”

گورنر سردار سلیم حیدر نے اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دنیا میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیلی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور عالمی برادری خصوصاً اسلامی ممالک کو یکجہتی کے ساتھ فلسطین کا ساتھ دینا ہوگا۔ اسرائیل غزہ اور فلسطین کے شہری علاقوں پر بمباری کر کے انسانی حقوق اور اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.