چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

0

اسلام آباد :چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا اور تجارت، تعلیم، دفاع، پارلیمانی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے سفارتی تعلقات 1948ء سے قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک جمہوری اقدار اور دو ایوانی پارلیمانی نظام کی مشترکہ روایات کے ذریعے عوامی سطح پر جُڑے ہوئے ہیں۔

 یوسف رضا گیلانی نے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، ثقافتی تعاون اور ترقیاتی پروگرامز میں ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال بنانے اور پارلیمانی وفود کے تبادلے تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوسکیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں شامل کرنے کے لیے پاکستان اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی حجم ڈھائی ارب ڈالر ہے تاہم اس میں مزید اضافے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ زرعی ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، معدنی وسائل اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اپنی برآمدات میں اضافہ چاہتا ہے جبکہ ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، آئی ٹی سروسز اور خوراکی مصنوعات میں نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے ایوانِ صنعت و تجارت اور نجی شعبے کے لیے مشترکہ فورم قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔

اسلام آباد :چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر الوداعی ملاقات کر رہے ہیں (فوٹو ۔روزنامہ الجریدہ)

دفاعی تعاون پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سائبر سکیورٹی، میری ٹائم آگاہی اور امن مشنز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی ترقیاتی معاونت اور امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہے، لہٰذا اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر نے سیلاب کے نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور عوامی سطح پر روابط انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کو تیز کرنے اور دفاع و تجارت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے جدت، گرین ٹرانزیشن، شمولیتی ترقی اور پارلیمانی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ عالمی و علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو آئندہ نومبر میں ہونے والی انٹر پارلیمانی سکیورٹی کانفرنس (ISC) کے بارے میں آگاہ کیا اور آسٹریلین پارلیمنٹ کی قیادت کو باضابطہ طور پر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور موضوعات سے ہائی کمشنر کو چیئرمین سینیٹ کی ایڈوائزر و آئی ایس سی کی سفیر مصباح کھر نے بھی آگاہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.