این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں شدید بارش، ژالہ باری اور برفباری کا الرٹ جاری
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، منگورہ، بٹگرام اور ہری پور شامل ہیں، میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پشاور اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی متوقع ہے۔
دیگر اضلاع میں ایبٹ آباد، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی تیز آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاءالدین میں بھی آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، استور، دیامر، خرمنگ، شگر، غذر اور نگر میں جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی اور وادی نیلم میں بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، کھڑی فصلوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
